کاروار :9؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) اترکینرا کے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے ودھان پریشد کی سابق رکن شبھ لتا اسنوٹیکر کے گھر پہنچ کر خیر سگالی ملاقات کئے جانے کو لےکر سیاسی گلیاروں میں نئی سیاسی ہل چل شروع ہوگئی ہے۔ شبھ لتا اسنوٹیکر کی صحت کو لےکر ہونے والی ملاقات پر سوال کھڑے کئے جارہےہیں کہ کیا یہ ملاقات ضلع کی سیاست میں کسی نئی شروعات تو نہیں ؟۔
کاروار میں منعقدہ دشا سبھا اور کنسگری کے پروگرام میں شرکت کےلئے پہنچے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے نے اچانک پادری باگ میں واقع شبھ لتا اسنوٹیکر کے گھر پہنچ کر ان کی صحت کے متعلق جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر کاروار ۔ ایم پی کی ملاقات کے دوران شبھ لتا اسنوٹیکر کےبیٹے آنند اسنوٹیکر کی موجودگی تجسس کی وجہ بنی۔
ایم پی اننت کمارہیگڈے نے شبھ لتا سے ا ن کے گھر پہنچ کر صحت کولےکر بات چیت کی اور بہتر صحت کی تمنا کا اظہار کرنے کے بعد چلے گئے۔ اس موقع پر کاروار ۔ انکولہ کی رکن اسمبلی روپالی نائک، بھٹکل کے ایم ایل اے سنیل نائک، کاروار میونسپالٹی صدر ڈاکٹر نتین پکلے، گنپتی الویکروغیرہ موجود تھے۔
ایم پی اننت کمار ہیگڈے جب شبھ لتا کے گھر پہنچے توان کے بیٹے سابق وزیر آنند اسنوٹیکر نے ایم پی اور ارکان اسمبلی کا استقبال کیا۔ ایم پی کی ملاقات سے یہ سوال بھی گردش کررہاہے کہ کیا آنند اسنوٹیکر بی جے پی میں دوبارہ شامل ہونگے؟۔
دہلی سے کاروار پہنچے آنند:موصولہ اطلاع کے مطابق آنند اسنوٹیکر دہلی میں تھے جیسے ہی انہیں خبر ملی کہ ان کی والدہ کی صحت کا حال چال جاننے کےلئے ہیگڈے گھر آنے والے ہیں تو وہ دہلی سے فوری نکل کر گوا ہوتےہوئے کاروار پہنچے۔ ان کی والدہ سے ملاقات کے دوران آنند اسنوٹیکر وہیں کھڑے رہے اور اننت کمار ہیگڈے نے جاتے ہوئے آنند اسنوٹیکر سے بھی گفتگو کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
گوامیں ملاقات :بیمار ہوکر گوا کے اسپتال میں زیر علاج شبھ لتا اسنوٹیکر سے کاروار کی رکن اسمبلی روپالی نائک مہینہ پہلے ہی ملاقات کئے جانےکی خبر ملی تھی۔ گردے کی بیماری سےپریشان شبھ لتا گوا کے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ ودھان پریشد کے اسپیکر بسوراج ہورٹی نے بھی گوا کے اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت کی تھی۔
ذاتی نفرت نہیں :ایم پی اننت کمار ہیگڈے کسی سیاسی مقصد کو لے کر ہمارےگھر نہیں آئے تھے، وہ ہمارے گھر پہنچ کر ہماری والدہ کی صحت کے متعلق جانکاری حاصل کرنے کے لئے آئے تھے اس کے سوا کوئی اور سیاسی مقصد نہیں تھا۔ اس بات کی وضاحت سابق وزیر آنند اسنوٹیکر نے کی ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتےہوئے آنند نےکہاکہ اس سے قبل اننت کمار ہیگڈے کے لئے انتخابات میں ہماری والدہ نے کام کیاتھا اور اشتہاری مہم میں بھی حصہ لیا تھا اسی احترام کے چلتے انہوں نے ملاقات کی ہے اور پہلے سے دونوں کے تعلقات بھی ہیں۔
آنند اسنوٹیکر نےکہاکہ مجھے اننت کمارہیگڈے سے کوئی ذاتی نفر ت نہیں ہے، البتہ سیاسی اور ترقیات کو لےکر ہم نے ان کی مخالفت کی ہے ویسے ہمارے انفرادی تعلقات بہتر ہیں۔ اس موقع پر آنند اسنوٹیکر نے واضح کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں جے ڈی ایس سے امیدوار نہیں بنیں گے اور اس کی اطلاع دیوے گوڈا اور کمار سوامی کو وہ دے چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ یا تو کسی دوسری سیاسی پارٹی سے جڑیں گے یا آزاد امیدوار کے طورپر اپنی قسمت آزمائیں گے۔